الشفاء ہسپتال پراسرائیلی حملہ، فلسطینی وزارت کا عالمی مداخلت کا مطالبہ

Published On 15 November,2023 03:39 pm

غزہ : (ویب ڈیسک ) فلسطینی وزارتِ خارجہ نے الشفاء اسپتال پر اسرائیلی افواج کی یلغار کے بعد شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق وزارت نے پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ وزارتِ امورِ خارجہ و تارکین وطن الشفاء ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں پر اسرائیلی قابض فوج کے حملے کی مذمت کرتی ہے اور وہاں کے شہریوں کی حفاظت کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کرتی ہے۔

وزارت نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی حکومت احاطے کے اندر موجود طبی عملے اور ہزاروں مریضوں، زخمیوں اور قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں اور پناہ گزینوں سمیت بچوں کی حفاظت کی مکمل ذمہ داری رکھتی ہے۔

آج علی الصبح یہ دعویٰ کرنے کے بعد کہ حماس کا ہسپتال کے احاطے کے نیچے ایک کمانڈ سینٹر ہے، اسرائیلی افواج نے کہا کہ  وہ غزہ کے سب سے بڑے الشفاء ہسپتال میں آپریشن انجام دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :غزہ میں اسرائیلی فوج کا الشفا ہسپتال پرحملہ، حماس سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ

واضح رہے کہ7 اکتوبر کے بعد سے الشفاء ہسپتال غزہ پر اسرائیلی جنگ کا مرکز رہا ہے، فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ انکلیو پر اسرائیلی حملوں میں 11ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں سے تقریباً 40 فیصد بچے ہیں۔

بیان میں فلسطینی وزارتِ خارجہ نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور ان خلاف ورزیوں اور جرائم کی توسیع قرار دیا ہے جو قابض فوج ہمارے لوگوں کے خلاف کر رہی ہے۔