سعودی عرب کی جانب سے غزہ میں سکول پراسرائیلی بمباری کی مذمت

Published On 19 November,2023 12:35 pm

ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے غزہ پٹی میں اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے الفحورہ سکول پروحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نہتے فلسطینی شہریوں کو منظم انداز میں نشانہ بنائے جانے کی کارروائیاں کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہم ان کی نہ صرف بھرپورطریقے سے مذمت کرتے ہیں بلکہ فوری طوررجنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وزارت خارجہ کے بیان میں اس بات پربھی زوردیا گیا کہ فلسطینی شہریوں کو امدادی سہولت پہنچانے والے کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اس حوالے سے بین الاقوامی انسانی قانون اورقراردادوں پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسرائیل کو پابند کیا جائے۔

اسرائیل کی جانب سے مسلسل قانون شکنی پربین الاقوامی احتساب کے طریقہ کار کو فعال کرنے کی اشد ضرورت ہے۔