پیرس : (دنیانیوز) غزہ کی بدتر ہوتی صورتحال کے معاملے پر فرانسیسی صدر میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم سے کہا کہ حماس کے خلاف جنگ میں عام شہریوں کا زیادہ نقصان ہوا ہے ، عام شہریوں اور دہشتگردوں میں فرق کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
فرانسیسی صدر نے فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی رابطہ کیا اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد کی مذمت کی۔
یہ بھی پڑھیں :اسرائیل کا الشفا ہسپتال کے نیچے طویل سرنگ ملنے کا دعویٰ ، حماس کی تردید
صدر محمود عباس نے فرانسیسی صدر میکرون کا جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پیرس میں بین الاقوامی انسانی کانفرنس کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں اہداف پر مسلسل بمباری اور زمینی حملے کررہاہے جس میں اب تک 13 ہزار فلسطینی شہید اور 10 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔