حماس مزید 50 یرغمالی رہا کرے تو جنگ بندی میں توسیع کیلئے تیار ہیں: اسرائیل

Published On 27 November,2023 06:17 pm

تل ابیب: (دنیا نیوز) ترجمان اسرائیلی حکومت ایلون لیوی نے کہا ہے کہ حماس مزید قیدیوں کو رہا کرے تو جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع کیلئے تیار ہیں۔

تل ابیب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت کے ترجمان ایلون لیوی نے کہا کہ جنگ بندی میں توسیع کا آپشن کھلا ہے، حماس مزید 50 یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ کرے۔

ایلون لیوی نے کہا کہ حماس کے قبضے میں 184 قیدی ابھی بھی موجود ہیں، آخری یرغمالی کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل اورحماس جنگ بندی کا آخری روز: توسیع کیلئےمذاکرات، بائیڈن پرامید

واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس نے جنگ بندی کے تیسرے روز 13 اسرائیلیوں اور 4 غیر ملکی باشندوں کو رہا کیا، غیرملکی باشندوں میں ایک روسی جبکہ 3 تھائی شہری شامل تھے جس کے جواب میں اسرائیل کی جانب سے بھی 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا گیا۔

معاہدے کے تحت امدادی سامان کے ایندھن اور گیس کے 4 ٹرکوں سمیت 120 امدادی ٹرک بھی غزہ میں داخل ہو گئے ہیں۔

توسیع کے معاملے پربائیڈن پُرامید

اس حوالے سے امریکی صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے لیے لڑائی میں وقفہ جاری رہنے کی امید ہے جبکہ فرانسیسی وزیر خارجہ نے بھی جنگ بندی میں توسیع کی حمایت کی ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی اس وقت تک جاری رہ سکتی ہے جب تک یرغمالیوں کو رہا کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکی صدر کو بتا دیا ہے کہ عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد اسرائیل پوری طاقت کے ساتھ غزہ میں مہم دوبارہ شروع کرے گا، اپنے بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ جنگ بندی میں توسیع کا خیرمقدم کریں گے۔