القسام بریگیڈ نے اسرائیل کیساتھ جنگ میں 4 کمانڈرز کی شہادت کی تصدیق کر دی

Published On 27 November,2023 07:19 am

غزہ: (دنیا نیوز) حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے غزہ میں اسرائیلی فورسز کے خلاف جنگ میں 4 جنگجو لیڈرز کی شہادت کا اعلان کر دیا۔

القسام بریگیڈ نے کی جانب سے جاری بیان میں صیہونی فورسز کے خلاف جاری جنگ میں عسکری کونسل کے رکن اور شمالی بریگیڈ کے کمانڈر سمیت 4 جنگجو لیڈرز کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے۔

شمالی بریگیڈ کے کمانڈر احمد الغندور ابو انس، بيت لاھیا بٹالین کے کمانڈر وائل رجب ابو صہیب، شمالی بریگیڈ کے ڈپٹی کمانڈر رفعت سلمان ابو عبداللہ اور آرٹلری بریگیڈ کے کمانڈر ایمن صیام شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں 4 دنوں کی عارضی جنگ بندی کا آج چوتھا روز ہے، دونوں طرف سے معاہدے کے تحت ایک دوسرے کے قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی بمباری میں اب تک 6 ہزار بچوں اور 4 ہزار خواتین سمیت 14 ہزار 850 فلسطینی شہید اور 36 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔