نئی دہلی: (ویب ڈیسک) گزشتہ روز بھارت میں اسرائیلی سفارتحانے کے باہر دھماکے بعد اسرائیل نے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے نئی دہلی میں اپنے سفارت خانے کے نزدیک دھماکے کو دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے مودی سرکار پر زور دیا ہے کہ بھارتی دارالحکومت میں ہمارے سفارت خانے کے انتہائی نزدیک ہونے والا دھماکا ایک دہشت گرد حملہ تھا جس کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر دھماکا: بھارتی میڈیا
اسرائیل نے اپنے عملے اور شہریوں کے لیے ایڈوائزری بھی جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ بھیڑ والی جگہوں جیسے مالز اور بازاروں میں جانے سے گریز کریں اور چوکس رہیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی شہری اپنے مذہب اور ملکی علامتوں کو ظاہر کرنے سے گریز کریں اور ایسے پروگرامز میں مت جائیں جو محفوظ نہیں۔ اسی طرح سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اپنے سفر کی تفصیلات، تصاویر اور دیگر معلومات پوسٹ نہ کریں۔