کرمان دھماکے: ایران کا ذمہ داروں کو سخت جواب دینے کا اعلان، صدر کا دورہ ترکیہ منسوخ

Published On 04 January,2024 04:21 am

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی شہر کرمان میں دھماکوں کے ذمہ داروں کو سخت جواب دینے کا اعلان کر دیا، صدر ابراہیم رئیسی نے اپنا دورہ ترکیہ بھی منسوخ کر دیا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے ایک بار پھر تباہی پھیلائی اور بڑی تعداد میں لوگوں کو شہید کیا، اس تباہی کا انشااللہ سخت جواب دیا جائے گا، انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران: قاسم سلیمانی کی برسی کی تقریب میں 2 دھماکے ،100 سے زائد افراد جاں بحق

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کرمان میں دھماکوں کے بعد ایک مذمتی بیان جاری کیا جس میں ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کی جلد شناخت کر کے ان کو سخت سزا دی جائے گی، ہمارے دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ اس طرح کے اقدامات ایرانی قوم کے پختہ عزم کو کبھی متاثر نہیں کر سکتے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کیلئے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افراد کیخلاف ایکشن کا مطالبہ کیا، اس کے علاوہ روس کے صدر پیوٹن اور یورپی یونین نے بھی ایران میں دہشت گردی کے اقدام میں شہریوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کے شہر کرمان میں سابق جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب 2 دھماکوں میں کم از کم 103 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے، دھماکا خیز مواد سے بھرے دو بیگ قبرستان کے داخلی دروازے پر رکھے گئے تھے۔