اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایران کے راسک پولیس ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق راسک پولیس ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے میں 11 ایرانی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دکھ کی گھڑی میں ایران کی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، دہشت گردی کا دوطرفہ اور علاقائی تعاون سمیت ہر طرح سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ 15 دسمبر کو ایران کے جنوب مغربی علاقے راسک ٹاؤن میں مسلح افراد نے پولیس ہیڈکوارٹر پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے 11 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔