بیروت: (ویب ڈیسک) لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ غزہ میں جارحیت رکنے تک اسرائیل جانے والے بحری جہازوں پر حملے جاری رہیں گے۔
بیروت میں خطاب کرتے ہوئے حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں امریکی اقدامات نے تمام جہازوں کی آمد و رفت کو خطرے میں ڈال دیا، امریکی اقدامات کے بعد بحیرہ احمر میدان جنگ بن گیا ہے، امریکا اور برطانیہ کے حملوں کے بعد یمنی بحیرہ احمر میں غزہ کی حمایت روک دیں گے یہ امریکا کی غلط فہمی ہے، بحیرہ احمر میں اسرائیل جانے والے بحری جہازوں پر حملے جاری رہیں گے۔
حزب اللہ کے سربراہ نے مزید کہا ہے کہ جہازوں پر حملے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں یمن کا کم ترین ردعمل ہے، لبنان کے محاذ پر بھی غزہ کی حمایت اسرائیلی جارحیت رُکنے تک جاری رہے گی، غزہ میں جارحیت رُکے گی تو کوئی بات چیت ہو گی، عراقی اور یمنیوں کا بھی غزہ میں جارحیت رکوانے کا مطالبہ ہے، امریکا نے بحیرہ احمر میں عالمی جہازوں کے 95 فیصد تحفظ کو تباہ کر دیا ہے۔
حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ اگر امریکیوں کے پاس دماغ ہوتا تو انہیں سمجھ آتی کہ تمام محاذ کُھلنے کا سبب ایک ہی ہے، یہ نسل پرست اور مغرور نہ ہوتے تو یہ بات سمجھ جاتے، یہ نتائج روکنے کی کوششوں میں ہیں، جائیں جا کر وجہ ٹھیک کریں، غزہ میں جارحیت ختم کریں۔