اسرائیل اور حماس کے تنازع کا مستقل حل چاہتے ہیں: امریکی وزیر خارجہ

Published On 07 February,2024 05:16 am

قاہرہ: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع کا مستقل حل چاہتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل اور حماس تنازع کے حوالے سے مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں، انہوں نے پہلا دورہ مصر کا کیا جہاں قاہرہ میں امریکی وزیر خارجہ نے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی، اگلے روز انٹونی بلنکن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملے۔

یہ بھی پڑھیں: بلنکن سعودیہ پہنچ گئے، ولی عہد سے ملاقات، غزہ کی صورتحال پر گفتگو

گزشتہ روز انٹونی بلنکن قطر کے دورے پر پہنچے اور جہاں سے وہ وہ اسرائیل گئے، عرب ممالک کے دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے نئی جنگ بندی، اسرائیل حماس تنازع کے مستقل خاتمے کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں نے اسرائیلی حکام کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بتایا کہ انٹونی بلنکن اور عبدالفتاح السیسی نے حماس کے زیر حراست تمام یرغمالیوں کی رہائی کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا، امریکا کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے میں مصر کے قائدانہ کردار کی تعریف بھی کی گئی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق غزہ سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو مسترد کرنے کے امریکی فیصلے پر زور دیتے ہوئے انٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ ایک ایسی فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے جو اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کو یکساں طور پر امن اور سلامتی فراہم کرے۔