ہیگ : (ویب ڈیسک ) عالمی عدالت انصاف نے رفح کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کی درخواست مسترد کر دی۔
عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے کہا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح کی صورت حال کے حوالے سے اضافی عارضی اقدامات اٹھانے کی جنوبی افریقہ کی درخواست کے بارے میں فیصلہ جاری کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ عدالت نے کہا ہے کہ اسرائیل کو نسل کشی کے مقدمے میں نافذ کیے گئے پہلے اقدامات کا احترام کرنا چاہیے، مذکورہ حکم (جنوری میں عدالت کی طرف سے جاری کیے گئے فیصلے) میں غزہ میں شہریوں کی جانوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کی گئی تھی۔
دی ہیگ میں قائم عدالت نے ایک بیان میں کہا کہ "غزہ کی پٹی اور خاص طور پر رفح میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اس چیز کو بہت زیادہ بڑھا دے گی جو پہلے سے ہی ایک انسانی خوفناک خواب ہے جس کے علاقائی اثرات کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا"۔
جنوبی افریقہ نے 12 فروری کو رفح آپریشن رکوانے کے لیے عالمی عدالت میں ہنگامی درخواست دائر کی تھی۔
اس سے قبل عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے 26 جنوری کے فیصلے میں کہا تھا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے اقدامات کرے۔
آئی سی جےنے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فراہمی کے لیے اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے غزہ پر جاری اسرائیلی وحشیانہ حملوں میں 28ہزار سے زائد فلسطینی شہید ، 68ہزار سے زائدزخمی جبکہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔