حرمین شریفین میں لبیک اللھم لبیک کے علاوہ کوئی نعرہ قبول نہیں: انتظامیہ

Published On 27 February,2024 03:47 pm

ریاض : (ویب ڈیسک ) حرمین شریفین کی انتظامیہ میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی سلامتی سرخ لکیر ہے جہاں لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ کے علاوہ کوئی نعرہ قابلِ قبول نہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حرمین انتظامیہ کی جانب سے یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین میں امن و امان کی گہری دینی جڑیں ہیں کیونکہ امن و امان کو حرم سے مربوط کردیا گیا جبکہ امن و امان حرم سے ہی وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے زائرین کو چاہیے کہ اس ربط کا خیال رکھیں کیونکہ حرمین شریفین میں امن و امان سرخ لکیر ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،  حرمین شریفین جائے عبادت ہے، یہ نعرے بازی اور شور کے لیے نہیں اور  نہ ہی اس میں عبادت کے علاوہ کوئی اور کام کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے حرمین شریفین کے زائرین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جذبات میں آ کر مسجد الحرام، مسجد نبوی ﷺ اور مقدس مقامات میں عبادت کے علاوہ کسی اور چیز میں اپنا وقت صرف نہ کریں۔

شیخ السدیس نے کہا کہ زائرین کو چاہیے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اپنے مناسک آسانی اور سہولت کے ساتھ انجام دے سکیں۔

ان کامزید کہنا تھا کہ حرمین شریفین میں تلبیہ کے علاوہ کوئی اور نعرے لگانے والوں کے ساتھ سکیورٹی اہلکار سختی سے نمٹنے کے لیے ہر وقت مستعد ہیں۔