روس میں دہشتگردی: کنسرٹ کے دوران فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 133 ہوگئی

Published On 23 March,2024 11:23 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) روس میں دہشت گردی کی خوفناک واردات، ماسکو میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 133 ہوگئی، 140 سے زائد افراد زخمی ہیں جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

دہشتگردوں نے گزشتہ رات 8 بجے کے قریب کروکس سٹی ہال میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی تھی اور ہال میں موجود لوگوں پر بم پھینکے جس سے عمارت کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حملہ آوروں کی فائرنگ کے دوران کروکس سٹی ہال دھماکوں سے گونج اٹھا، روسی سکیورٹی اہلکاروں نے 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ کالعدم تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمن ہمیں تقسیم نہیں کر سکتے، تمام حملہ آور پکڑے گئے ہیں، ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے یوکرین کی طرف فرار ہونے کی کوشش کی۔

پاکستان نے روس میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں روس کیساتھ کھڑا ہے۔