ماسکو: (دنیا نیوز) روس کے دارالحکومت ماسکو کے کراکس سٹی ہال میں کنسرٹ پر حملہ کرنے والے 4 ملزموں کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قانونی نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کراکس سٹی ہال کنسرٹ پر حملے میں ملوث 4 ملزمان کو گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے چاروں ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔
ماسکو پولیس کی جانب سے عدالت میں بیان دیا گیا کہ ملزمان نے بے گناہ شہریوں کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
دوسری جانب سٹی ہال میں جاری کنسرٹ کے دوران دہشتگردی سے ہلاکتوں کی تعداد 143 تک جا پہنچی جبکہ 140 سے زائد زخمی ہیں جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق حملے میں ملوث 4 مشتبہ حملہ آور اور ان کے 7 ساتھی گرفتار کر لیے، ایک ملزم فرید الدین ترکیہ سے ماسکو پہنچا، ملزموں کا ہدف ہال میں موجود افراد کو ہلاک کرنا تھا۔
تاجک صدر امام علی رحمان نے کنسرٹ ہال حملے میں تاجکستان کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ حملے میں 4 تاجک باشندوں کے ملوث ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔