سلامتی کونسل میں قرارداد منظوری سے جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگی: سعودیہ

Published On 26 March,2024 05:30 am

ریاض: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کیلئے قرارداد منظور ہونے پر سعودی عرب نے خیر مقدم کیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں سلامتی کونسل میں پہلی بار قرارداد کے منظور کیے جانے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فوری جنگ بندی کی قرارداد سے مستقل اور پائیدار جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگی اور تمام قیدیوں کی رہائی، انسانی بنیادوں پر غزہ پٹی اور اس کے اطراف میں متاثرین کو وسیع بنیادوں پر امداد کی ترسیل ممکن ہو سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد منظور کرلی

سعودی عرب نے مزید کہا کہ عالمی برادری اسرائیلی حملوں کو مستقل بنیادوں پر روکنے، فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کیلئے اپنی ذمہ داری تسلیم کرے اور فلسطینی عوام کی امیدوں کے مطابق ان کی مشکلات ختم اور ان کے حقوق دلوانے میں کردار ادا کرے، فلسطینی ریاست جو 1967ء کی سرحدوں کے مطابق تھی اسے بحال کیا جائے جو بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق ہے۔
 

Advertisement