امریکا: بالٹی مور میں مال بردار بحری جہازکی ٹکر سے پُل ٹوٹ گیا

Published On 26 March,2024 02:28 pm

بالٹی مور : (ویب ڈیسک ) امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں مال بردار بحری جہاز (کارگو شپ) کی ٹکر سے 3 کلومیٹر طویل پُل ٹوٹ کر سمندر میں گرگیا۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بالٹی مور میں فرانسس سکاٹ کی پل کا ایک بڑا حصہ مال بردار جہاز کے ٹکرانے کے بعد منہدم ہوگیا جس کے سبب متعدد گاڑیاں پانی میں گِر گئیں۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ شب ایک بج کر 35 منٹ پر اس واقعے کی اطلاع موصول ہوئی۔

سوشل میڈیا پر زیرِگردش ویڈیوز میں پل کا ایک بڑا حصہ پانی میں گرتے ہوئے دیکھا گیا، پُل ٹوٹنے سے اس پر چلنے والی کچھ گاڑیاں بھی دریا میں گر گئیں تاہم فوری طور پر جانی نقصان کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

میری لینڈ ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کے مطابق حادثے کے بعد دونوں اطراف سے پل کو مکمل طور پر بند کردیا گیا جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے میئر بالٹی مور کا کہنا ہےکہ حادثے کے بعد ایمرجنسی اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے، ریسکیو کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
 

Advertisement