نیویارک: (دنیا نیوز) امریکا میں مسلح شخص نے سڑک پر ہونے والی پارٹی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک، 14 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ امریکی ریاست ٹینیسی میں پیش آیا جہاں سڑک کنارے ہونے والی پارٹی پر مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 14 شدید زخمی ہوئے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمی افراد کو طبی امداد دی جا رہی ہے، چند زخمیوں کو ایمبولینس کے بجائے شہری ذاتی گاڑیوں میں ہسپتال چھوڑ کر آئے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ رات 7 بجے کے قریب پیش آیا جبکہ بلاک پارٹی میں 300 کے قریب افراد موجود تھے جن میں سے 16 افراد فائرنگ کا نشانہ بنے، ہفتے کی رات تک کسی حملہ آور کو گرفتار نہیں کیا جا سکا مگر 2 مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
مقامی پولیس نے مزید بتایا ہے کہ زخمیوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا، یاد رہے کہ امریکا میں گن وائلنس کا ریکارڈ رکھنے والے ادارے کے مطابق یہ اس سال گن وائلنس کا 115 واں واقعہ ہے۔