دبئی: 35 ارب ڈالر کی لاگت سے آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کا آغاز

Published On 29 April,2024 05:14 am

دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی میں آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا، منصوبے پر تقریباً 35 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مكتوم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے آل مكتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے نئے ٹرمینل کے ڈیزائنز کی منظوری دے دی اور اس کی تعمیر پر 34 ارب 85 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔

شیخ محمد بن راشد آل مكتوم نے مزید کہا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے زیادہ مسافروں کی گنجائش والا ایئرپورٹ ہو گا اور یہ موجودہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پانچ گنا بڑا ہو گا، ٹرمینل کے مکمل طور فعال ہونے کے بعد آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سالانہ 26 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ہو گی۔

دوسری جانب دبئی سول ایوی ایشن کے صدر اور ایمریٹس ایئرلائن کے سی ای او شیخ احمد بن سعید آل مكتوم کے مطابق اس پراجیکٹ کا پہلا فیز 10 برسوں میں مکمل ہو گا اور اس میں سالانہ 15 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ممکن ہو گی، آل مكتوم ایئرپورٹ کو 2010ء سے خلیجی مالیاتی مرکز کی فضائی ٹریفک کا نسبتاً کم حصہ ملا ہے۔

خیال رہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے تاہم حکام چاہتے ہیں کہ آل مكتوم ایئرپورٹ دبئی ایئرپورٹ کی جگہ لے لے، جہاں سالانہ 12 کروڑ مسافروں کی آمد و رفت ممکن ہے، اس کے علاوہ شہر کے مرکزی مقام میں ہونے کی وجہ سے دبئی ایئرپورٹ کی توسیع ممکن نہیں ہے۔