اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت میں سماعت، ہنگامی اقدامات کا حکم جاری کرنے کی استدعا

Published On 17 May,2024 02:11 am

دی ہیگ: (دنیا نیوز) عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عالمی عدالت میں جنوبی افریقا کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی مہم کیخلاف سخت دلائل دیئے گئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقا کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں جنوبی افریقا نے اسرائیل کیخلاف ہنگامی اقدامات کا حکم جاری کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح سے فوجیں نکالنے کا حکم دیا جائے، رفح میں اسرائیلی فوج کا آپریشن فلسطینیوں کی نسل کشی پلان کا حصہ ہے۔

سماعت میں جنوبی افریقا کے سفیر ووسیموزی میڈونسیلا نے اسرائیل پر عالمی عدالت انصاف کے سابقہ احکامات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ہدایات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ عدالتی سماعت میں واضح احکامات کے باوجود اسرائیل نے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھی ہوئی ہے اور غزہ کے جنوبی شہر رفح میں یہ ہولناک مرحلے پر پہنچ گئی۔

جنوبی افریقا کے سفیر نے دلائل میں کہا کہ اسرائیل نے غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا اور جب فلسطینیوں نے رفح میں پناہ لی تو اب وہاں کارروائیاں کر رہا ہے، عالمی عدالت کو نسل کشی روکنے کیلئے بہت کچھ کرنا ہو گا، عدالت نے گزشتہ سماعت میں نسل کشی کی کارروائیوں کو روکنے کیلئے اقدامات پر عملدرآمد کا حکم دیا لیکن اسرائیل نے جان بوجھ کر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔