مالدیپ نے اسرائیلی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی

Published On 03 June,2024 08:48 am

مالی : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) مالدیپ نے فلسطینوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ جنگ کے خلاف احتجاج کے طور پر اسرائیلی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

مالدیپ کے صدراتی دفتر کے مطابق ملک میں اسرائیلی پاسپورٹ ہولڈرز کے داخلے پر پابندی عائد کی جا رہی ہے، کابینہ نے اسرائیلی شہریوں کے ملک میں داخلے سے متعلق قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

صدراتی دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کی امدادی مہم کے لیے مالدیپ کے صدر محمد معیزو خصوصی ایلچی بھی تعینات کریں گے۔

خیال رہے مالدیب نے اسرائیلی شہریوں کے ملک میں داخلے پر 1990 پابندی لگائی تھی جو کہ 2010 میں ہٹا لی گئی تھی اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا کام شروع کیا گیا، تاہم اسرائیل کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی کوششیں اس وقت ختم ہو گئی جب 2012 میں محمد ناشید کی حکومت ختم کی گئی۔

غزہ جنگ کی شروع ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتیں اور حکومتی اتحادی صدر پر اسرائیلی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگانے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔

خوبصورت سیاحتی مقامات کے لیے مشہور مالدیپ میں گزشتہ سال 11 ہزار اسرائیلی سیاح آئے تھے، اس ضمن میں اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مالدیپ نہ جائیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جو اسرائیلی شہری مالدیپ میں ہیں وہ ملک چھوڑنے پر غور کریں کیونکہ اگر وہ کسی مشکل میں پھنس گئے تو حکومت کے لیے ان کی مدد کرنا مشکل ہو جائے گا، اسرائیلی وزارت خارجہ نے مالدیپ میں موجود اسرائیلی شہریوں کو بھی ملک چھوڑنے کی تجویز دی ہے۔