مکمل جنگ ہوئی تو اسرائیل میں کوئی جگہ نہیں بچے گی: حسن نصراللہ

Published On 20 June,2024 08:53 am

لبنان : (ویب ڈیسک ) حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ ان کے خلاف جنگ کی صورت میں اسرائیل میں ’کوئی جگہ‘ محفوظ نہیں بچے گی۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی آخری حدوں کو چھونے لگی ہے اور کسی بھی وقت جنگ چھڑنے کا خدشہ ہے جبکہ حزب اللہ نے اسرائیلی اہداف کی ویڈیو بھی جاری کردی ہے جس میں عسکری اہداف پر سرخ نشان لگایا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے بدھ کو ایک ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ دشمن اچھی طرح جانتا ہے کہ ہم نے خود کو بدترین حالات کے لیے تیار کر رکھا ہے اور کوئی بھی جگہ ہمارے راکٹوں سے نہیں بچ سکتی۔

حسن نصر اللہ کا کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ جنگ ہوئی تو اسرائیل کا کوئی شہر محفوظ نہیں رہے گا، اسرائیلی فوج شکست خوردہ ہوچکی ہیں لیکن وہ تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن ڈرا ہوا ہے اور حزب اللہ کی وجہ سے اسرائیل غزہ میں مذاکرات پر مجبور ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حزب اللہ سے نمٹنے کیلئے تمام آپشنز موجود ہیں: اسرائیل

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے کہا ہے کہ حزب اللہ سے نمٹنے کے لیے ہر چیز میز پر ہے اور اسرائیل تمام حالات کے لیے تیار ہے، حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ لبنان کو خطرناک راستے پر لے جا رہے ہیں۔

واضح رہےکہ اسرائیلی فوج نے منگل کو لبنان میں حملے کے آپریشنل منصوبوں کی منظوری کا اعلان کیاتھا، اس اعلان سے قبل اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے ہر قسم کی جنگ کی صورت میں حزب اللہ کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان آٹھ ماہ سے زائد عرصے سے جنگ جاری ہے، غزہ کی پٹی میں سات اکتوبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے 8 اکتوبر سے حزب اللہ اور اسرائیل تقریباً روزانہ کی بنیاد پر بمباری کا تبادلہ کرتے ہیں۔