مکہ مکرمہ : (ویب ڈیسک ) خانہ کعبہ کے کلید بردار (چابی کے محافظ) ڈاکٹر شیخ صالح الشیبی انتقال کرگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کلید بردار کعبہ شریف شیخ صالح بن زین العابدین الشیبی طویل عرصے سے علیل تھے ، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے ڈاکٹر صالح بن زین العابدین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ’حرمین‘ کی جانب سے بھی خانہ کعبہ کے کلید بردار کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے ، حرمین کے اکاؤنٹ سے جاری سوشل میڈیا پیغام میں بتایا گیا کہ خانہ کعبہ کے 109ویں کلید بردار اور صحابی عثمان بن طلحہ رضی اللہ عنہ کے جانشین انتقال کر گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ڈاکٹرشیخ صالح الشیبی کی نمازِ جنازہ نمازِ فجر کے بعد مسجد الحرام میں ادا کی گئی اور انہیں المعلیٰ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبد الرحمٰن بن صالح زین العابدین الشیبی گزشتہ برس نومبر میں 6 روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے، اس دوران انہوں نے اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔
یاد رہے کہ کعبے کے نگران قبیلے بنی شیبہ کو 16 سو برس سے کعبہ کی کلید برداری (چابی رکھنے) کا اعزاز حاصل ہے ، ’سدنہ بیت اللہ‘ یہ وہ قدیم پیشہ اور مقدس فریضہ ہے جس میں خانہ کعبہ کی دیکھ بھال، اسے کھولنے اور بند کرنے، اللہ کے گھر کو غسل دینے، اس کا غلاف تیار کرنے اور حسب ضرورت غلاف کعبہ کی مرمت کرنے جیسے امور انجام دیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ کعبہ کی چابی اس کا دروازہ بدلنے کے باوجود تبدیل نہیں ہوتی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وصیت کے مطابق خانہ کعبہ کا اگلا کلید بردار بھی الشیبی خاندان سے ہوگا اور رہے گا۔