نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکا بھر میں گرمی کی لہر میں شدت آگئی، شمالی اور جنوبی ریاستوں میں ہیٹ ویو وارننگ جاری کردی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کے شمالی حصے کی ریاستوں میں گرمی کی لہر سے ہزاروں افراد متاثر ہیں، انتظامیہ نے شہریوں کو ہر ممکنہ حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔
شہریوں کو موسم کی سختی سے بچانے کے لیے حکومت نے سپرے پارک پورے ہفتے کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے، گرمی میں شہری سپرے پارکس یا واٹر پارکس کا رخ کر رہے ہیں جہاں وہ خود کو گیلا کرنے کے بعد چند لمحے کا سکون حاصل کرتے ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ٹھنڈے اور سائے دار مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے، امریکہ کی جن ریاستوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہیں ان میں ایریزونا، نیو میکسیکو، ٹیکساس، کولوراڈو اور کنساس شامل ہیں۔
حکام کے مطابق واشنگٹن میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، متاثرہ ریاستوں کے بعض شہروں میں درجہ حرارت 37 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔
امریکی قومی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ گرمی کی لہر پیر تک جنوب مشرقی اور جنوبی میدانی علاقوں میں منتقل ہو جائے گی جبکہ نیو انگلینڈ میں بڑے پیمانے پر طوفان، سیلاب ، تیز ہوائیں اور بگولوں کا بھی خطرہ ہے۔