تل ابیب: (ویب ڈیسک) حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر کیے جانے والے راکٹ حملوں کے بعد وزیر اعظم نیتن یاہو کا بھی دھمکی آمیز ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے تل ابیب میں وزارت دفاع میں فضائیہ کے آپریشنز ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو (حزب اللہ) ہمیں نقصان پہنچائے گا تو اس کا خون رائیگاں جائے گا، ہم شمال میں سکیورٹی بحال کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے ایک روز قبل اپنے سینئر کمانڈر کی ہلاکت کا بدلہ لینے کیلئے اسرائیلی کے مختلف علاقوں میں 200 راکٹ فائر کیے تھے، راکٹ حملوں میں مقبوضہ جولان اور اصبح الجلیل نامی علاقے میں اسرائیلی فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
حزب اللہ کے سینئر عہدیدار ہاشم صفی الدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا گروپ اپنے ہدف کو وسیع کرے گا، جوابات کا سلسلہ یکے بعد دیگرے جاری ہے اور یہ سلسلہ ایسی نئی جگہوں کو نشانہ بناتا رہے گا جن کے بارے میں دشمن نے سوچا بھی نہیں ہوگا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ لبنان سے اسرائیلی سرزمین میں داخل ہونے والے تقریباً 200 میزائلوں اور 20 سے زیادہ مشکوک فضائی اہداف کی نشاندہی کی گئی جن میں سے کئی کو اسرائیلی فضائی دفاع اور لڑاکا طیاروں نے روک لیا۔