لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ کے نومنتخب وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے غیر قانونی تارکین کو روانڈا بھیجنے کا منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نومنتخب برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر کا کہنا ہے کہ روانڈا منصوبہ شروع ہونے سے پہلے ہی مردہ اور دفن ہو چکا تھا، روانڈا منصوبے کو ختم کر دیا جائے گا اس سے صرف ایک فیصد غیر قانونی تارکین وطن کم ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنیوالے پاکستانی وکشمیری امیدوار
یاد رہے کہ برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے الیکشن سے قبل ہی کہا تھا کہ وہ اقتدار میں آکر روانڈا منصوبے کو ختم کر دیں گے، ان کا مؤقف تھا کہ سیاسی پناہ لینے میں ناکام افراد کو اسی ملک بھیجنا چاہیے جہاں سے آئے تھے۔
سابق وزیر اعظم رشی سونک کے اعلان کے مطابق برطانیہ میں پناہ کے متلاشی افراد کو روانڈا بھجوایا جانا تھا جہاں 5 سالہ معاہدے کے تحت ان کے دعوؤں کی جانچ پڑتال ہوتی کہ وہ کیوں اپنے ملک واپس نہیں جانا چاہتے۔
یہ بھی پڑھیں: نو منتخب برطانوی وزیر خارجہ کا غزہ میں فوری جنگ بندی کی حمایت کا اعلان
اگر ان افراد کے دعوے کامیاب ہوتے تو انہیں پناہ گزین کا درجہ دیکر واپس برطانیہ لاکر رہنے کی اجازت دے دی جاتی بصورت دیگر ایسے افراد روانڈا میں یا پھر کسی تیسرے محفوظ ملک میں پناہ حاصل کرنے کی درخواست دے سکتے تھے۔