جوبائیڈن کے حواس پر روسی صدر سوار، زیلنسکی کو پیوٹن کہہ گئے

Published On 12 July,2024 07:57 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر جو بائیڈن کے حواس پر روسی صدر سوار ہو گئے ہیں، نیٹو اجلاس کے دوران اپنے یوکرینی ہم منصب زیلنسکی کو پیوٹن کہہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نیٹو اجلاس سے خطاب کر رہے تھے کہ اختتام پر انہوں اپنے یوکرینی ہم منصب کو اظہار خیال کرنے کیلئے دعوت دیتے ہوئے مخاطب کیا وہ زیلنسکی کا نام لینے کی بجائے انہیں صدر پیوٹن کہہ گئے، مائیک سے ہٹنے پر انہیں غلطی کا احساس ہوا تو انہوں نے دوبارہ صدر زیلنسکی پکار کر اپنی غلطی کو فوراً سدھار لیا۔

جھجک مٹاتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ وہ صدر پیوٹن کو ہرانے پر بہت زیادہ توجہ رکھے ہوئے ہیں، یوکرین کے صدر زلنسکی بہت حوصلہ مند اور پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخابات میں ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلے مباحثے میں بدترین پرفارمنس کے سبب جو بائیڈن پر دباؤ ہے کہ وہ الیکشن سے دستبردار ہوجائیں جبکہ ان کی صحت کے حوالے سے بھی خدشات ہیں۔