واشگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا صدارتی الیکشن جیتنا دنیا کیلئے تباہی ہو گا، میرا دوبارہ منتخب ہونا بہت ضروری ہے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ مہنگائی ختم ہو رہی ہے جو کام شروع کیا ہے، اسے مکمل کروں گا، کاملا ہیرس صدر بننے کی اہل ہیں، اسی لیے انہیں اپنا نائب صدر بنایا تھا، صحت مند ہوں، صبح 7 بجے اٹھتا ہوں اور آدھی رات تک مصروف رہتا ہوں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے مزید کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بھی ختم ہو رہی ہے، امریکا غزہ میں جنگ بندی کی کوشش کر رہا ہے، ہمارے پاس اب غزہ جنگ ختم کرنے کا موقع ہے، حماس اب مضبوط نہیں رہی، عرب قیادت سے غزہ کے معاملے پر اتفاق رائے کیلئے ملاقاتیں کیں۔
صدر جوبائیڈن نے صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبردار ہونے سے ایک بار پھر انکار کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی الیکشن لڑنے کا سب سے زیادہ اہل ہوں، ٹرمپ کو پہلے بھی ہرایا تھا اب بھی ہراؤں گا، ٹرمپ کا جیتنا دنیا کیلئے تباہی ہو گا، ٹرمپ کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یورپ ٹرمپ کے بیانات سے پریشان ہے، خارجہ پالیسی کبھی ٹرمپ کا مضبوط نقطہ نہیں رہا، ٹرمپ آمرانہ لوگوں سے وابستگی رکھتے ہیں، صدارتی الیکشن کی دوڑ میں اپنی میراث کیلئے نہیں ہوں، وہ کام مکمل کرنے کیلئے صدارتی الیکشن کی دوڑ میں ہوں جو شروع کیا تھا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میں دوبارہ منتخب ہوا تو حالات بہت بہتر ہونے والے ہیں، امن کیلئے روسی صدر سمیت سب سے بات کرنے کیلئے تیار ہوں، یوکرین کی کامیابی، یورپی اتحاد کی مضبوطی یقینی بنانے کیلئے میرا جیتنا ضروری ہے۔