بھارتی ریاست اُترپردیش میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات، ایک روز میں 38 افراد ہلاک

Published On 11 July,2024 12:01 pm

نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست اُتر پردیش میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں ایک دن میں کم از کم 38 افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں گزشتہ روز سب سے زیادہ 11 اموات پرتاپ گڑھ میں رپورٹ کی گئیں۔

ایسے ہی واقعات میں سلطان پور میں 7، چندولی میں 6، مین پوری میں 5، پریاگ راج میں4، اوریا، دیوریا، ہاتھرس، وارانسی اور سدھارتھ نگر میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ کی گئی، ان اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں درجنوں افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مشرقی اُتر پردیش کے چندولی میں اس دوران کئی لوگ زخمی بھی ہوئے اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ضلع میں بدھ کی شام 4 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، اتر پردیش کے ضلع چندولی میں زیادہ تر متاثرین جن میں 13 اور 15 سال کی عمر کے دو کزن بھی شامل ہیں، کھیتوں میں کام یا ماہی گیری کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے اتر پردیش اور اس سے ملحقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اگلے پانچ دنوں میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔