اسلام آباد: (فوزیہ علی) اسلام آباداورراولپنڈی میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، جڑواں شہروں کے نشیبی علاقے پانی سےبھرگئے جس کے پیش نظر دونوں شہروں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
جڑواں شہروں میں 44ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے جس سےنالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے۔
ادھر ایبٹ آباد، مالاکنڈ، بٹ گرام اور مظفرآباد میں موسلا دھاربارش سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے جبکہ پشاور، اٹک، صوابی، ہری پور، شانگلہ، اٹک میں بھی بھرپور بادل برسے۔
کراچی میں مون سون رنگ
شہر قائد کراچی میں بھی مون سون بارشوں نے رنگ جما دیا، نیا ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، شارع فیصل پر تیز بارش، سرجانی، گلشن حدید، گلشن معمار، کیماڑی میں بادل جم کر برسے جبکہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں ابھی بھی کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں اور بادل برسنے کیلئے تیار ہیں۔
حادثات
دوسری جانب سرجانی ٹاؤن میں کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے سے 2 افراد دم توڑ گئے، گلشن معمار میں تیز ہوا سے سائن بورڈ گر گیا جس کی زد میں آکرایک شخص زخمی ہوا جبکہ بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔
کراچی میں شدید بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 150سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، گلشن اقبال، گارڈن، ایف بی آر، ملیر میں بجلی بند رہی جبکہ حیدر آباد، ٹھٹھہ اور تھر پارکر میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، ننگر پارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
شدید بارشوں کی پیشگوئی
ادھر محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں آج سے 15 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کےمطابق آج سے بحیرہ عرب سےمون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی، کل سے 15جولائی کےدوران کے پی اورجی بی میں بارشیں متوقع ہیں جبکہ 12 سے 14 جولائی کے دوران بلوچستان میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔