واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فائرنگ سے کان کا حصہ کٹ گیا جبکہ حملے کے بعد زمین پر گرنے سے ان کے بازو میں شدید چوٹیں آئی ہیں۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ریلی کے دوران کی گئی فائرنگ میں کان کا حصہ کٹ گیا، امریکی سکیورٹی اہلکار جب تحفظ کے لیے آئے تو ٹکر سے میرے جوتے اترگئے، زمین پر گرنے سے بازو میں شدید چوٹیں آئیں۔
سابق صدر نے کہا کہ فائرنگ کے بعد ریلی کے مجمع سے بات جاری رکھنا چاہتا تھا لیکن مجبوراً جانا پڑا، سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آورکو ایک گولی مار کر اسےختم کردیا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ریلی کے شرکا پرسکون رہےاس پر ان کو سراہتا ہوں، بہت اچھے لوگ ہیں، فائرنگ میں ہلاک ریپبلکن حامی شخص کی آخری رسومات میں شرکت کروں گا۔
خیال رہے کہ 14 جولائی کو امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی جس میں وہ زخمی ہوگئے اور فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص بھی ہلاک ہوا جب کہ حملہ آور کو فوراً ہی مار دیا گیا۔