مانچسٹر: (دنیا نیوز) ایئرپورٹ پر پاکستانی نژاد فیملی پر پولیس تشدد کے واقعہ پر برطانوی وزیر اعظم سر کیئر سٹارمر (Sir Keir Starmer) کا ردِ عمل بھی آگیا۔
برطانوی وزیر اعظم سر کیئر سٹارمر (Sir Keir Starmer) نے کہا کہ واقعے پر لوگوں کی تشویش سمجھ سکتا ہوں، میں نے خود بھی وہ ویڈیو دیکھی ہے۔
سرکیئر سٹارمر نے کہا کہ مانچسٹر پولیس نے تشدد میں ملوث پولیس اہلکار کو معطل کر دیا ہے، ہوم سیکرٹری اور میئر مانچسٹر سے اس حوالے سے میٹنگ کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے مانچسٹر ایئرپورٹ پر پولیس نے پاکستانی نژاد فیملی کو تشدد کا نشانہ بنا دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
مانچسٹر ایئرپورٹ پر پولیس اہلکاروں نے پاکستانی نژاد فیملی کے 2 نوجوانوں پر تشدد کیا، اہلکار زمین پر گرے نوجوان کو لاتوں سے مارتے رہے جبکہ ماں اپنے بیٹے کو تشدد سے بچانے کی کوشش کرتی رہی۔