بھارتی پنجاب کی آزادی کیلئے کینیڈا میں ریفرنڈم، لاکھوں سکھوں کی شرکت

Published On 29 July,2024 05:32 am

ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) بھارتی پنجاب کو ہندوستان کے قبضے سے چھڑانے کیلئے کینیڈین شہر کیلگری میں سکھ فار جسٹس کے زیر انتظام ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سٹی گورنمنٹ سنٹر میں ‘پنجاب انڈیپنڈنٹ ریفرنڈم’ کیلئے سارا دن پولنگ جاری رہی، سکھ ریفرنڈم کے آغاز میں سب سے پہلے ہردیپ سنگھ نجر مرحوم کی فیملی نے ووٹ کاسٹ کیے۔

ووٹنگ میں حصہ لینے کیلئے کینیڈا بھر سے لاکھوں سکھ کیلگری پہنچے، پولنگ کا وقت شروع ہونے سے پہلے ہی ووٹ ڈالنے والوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں، ووٹنگ کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

ریفرنڈم سے قبل گفتگو کرتے ہوئے خالصتان کونسل کے صدر ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو نے کہا کہ ہم جب بھی پنجاب میں اپنا حق مانگتے ہیں تو تشدد کیا جاتا ہے، ہماری نسل کشی کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو نے مزید کہا کہ پنجاب نے اگر اپنے کسانوں اور نوجوانوں کو بچانا ہے تو اس کا صرف ایک ہی حل ہے اور وہ پنجاب کی آزادی ہے، کیلگری میں سینٹر کو شہیدوں کے نام پر رکھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ریفرنڈم کے قانونی اور پرامن طریقے کا استعمال کرتے ہوئے آزادی لے رہے ہیں جوکہ جمہوری عمل ہے، اب بھارتی سرکار نے سکھوں پر امریکا اور کینیڈا میں حملے کروانا شروع کر دیئے ہیں۔

خالصتان کونسل کے صدر ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو نے مزید کہا ہے کہ سکھ رہنما کی قتل کی سازش کو امریکی حکومت نے ناکام بنا دیا، یہ ثابت ہو رہا ہے کہ بھارتی سرکار سکھوں کو حق نہیں دینا چاہتی۔