واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیل کی سلامتی کے لیے ہر خطرے کے خلاف سب سے بڑی ڈھال بن کر کھڑا ہوگا۔
عرب میڈیا سے گفتگو میں امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ فٹبال گراؤنڈ پر راکٹ حملوں میں اسرائیلی بچوں کی ہلاکت کا ذمہ دار حزب اللہ ہے۔
ترجمان امریکی قومی سلامتی کونسل جان کربی نے مزید کہا کہ حملے میں حزب اللہ کے ملوث ہونے پر کوئی شک نہیں لیکن یہ حملہ سوچ سمجھ کیا گیا یا غلطی سے ہوا۔ ابھی یہ معلوم کرنا باقی ہے۔
جان کربی نے کہا کہ اسرائیل کو لبنان سمیت کئی جگہوں سے سلامتی کا خطرہ ہے۔ ہر ممکنہ خطرے پر امریکا اپنے دوست اسرائیل کی قومی سلامتی کے لیے لوہے کی ڈھال بنے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گولان کی پہاڑیوں میں فٹبال کے میدان پر راکٹس حملے میں 11 اسرائیلی ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے تھے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ حزب اللہ نے حملے میں ملوث ہونے کے اسرائیلی الزام کو مسترد کردیا۔