ڈھاکہ : (دنیانیوز) بنگلہ دیشی آرمی چیف نے ملک میں عبوری حکومت بنانے کا اعلان کردیا ۔
بنگلہ دیش کے آرمی چیف وقار الزماں نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو مخلوط حکومت کے ذریعے چلایا جائے گا ، بنگلہ دیش کے تمام فیصلے فوج کرے گی ، بنگلہ دیشی عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے تمام مطالبات پورے کیے جائیں گے ۔
بنگلا دیشی آرمی چیف نے کہا ہے کہ عبوری حکومت کے قیام کے لیے بات چیت جاری ہے، صدر سے جَلد ملاقات کروں گا، ملاقات میں عبوری حکومت کے قیام پر بات ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) سمیت بڑی سیاسی جماعتوں سے بات چیت کی ، عبوری حکومت کے قیام کے لیے عوامی لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت ہوئی ہے۔
بنگلہ دیشی آرمی چیف نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے ۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں عوامی احتجاج کے بعد وزیراعظم حسینہ واجد نے عہدے سے استعفی دے دیا اور ڈھاکا میں اپنی رہائش گاہ سے بھارت روانہ ہو گئی ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم حسینہ واجد کو آرمی چیف نے 45منٹ کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں :پرتشدد احتجاج کے بعد بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد عہدے سے مستعفی، بھارت روانہ
بنگلہ دیشی آرمی چیف نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) سمیت بڑی سیاسی جماعتوں سے بات چیت کی، جس کے بعد عبوری حکومت کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
اس سے قبل موجودہ آرمی چیف وقار الزماں نے ہفتے کے روز ڈھاکا میں فوجی ہیڈ کوارٹرز میں افسران کو بتایا تھا کہ بنگلہ دیش کی فوج عوام کے اعتماد کی علامت ہے، فوج کی جانب سے جاری بیان میں آرمی چیف نے کہا تھا کہ فوج ہمیشہ لوگوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور عوام کی خاطر اور ریاست کی کسی بھی ضرورت میں ایسا کرے گا۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیشں میں کوٹہ سسٹم مخالف طلبہ کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک کے اعلان کے بعد پرتشدد مظاہروں میں مجموعی طور پر 300 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔