انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ میں ایک ہفتے کے دوران داعش کے ایک سو سے زائد ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترکیہ کے حکام نے بتایا کہ یہ کسی دہشت گرد تنطیم کے ارکان کو گرفتار کرنے کی تازہ ترین مہم کا نتیجہ ہے، ترکیہ کو داعش کی طرف سے 2017ء سے حملوں کا نشانہ بننا پڑا ہے، داعش نے 2017ء میں ایک نائٹ کلب پر حملہ کیا تھا جس میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے دہشت گردوں کے خلاف ترکیہ میں حالیہ مہم پورے ملک پر محیط رہی ہے، دارالحکومت انقرہ کے علاوہ ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول میں بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔
ان کے مطابق اس ماہ کے دوران 119 مشتبہ افراد کو مختلف مقامات پر چھاپوں میں گرفتار کیا گیا ہے، ان میں سے 99 کو ماہ اگست کے شروع میں حراست میں لیا گیا تھا۔
واضح رہے 2019ء میں جب سے داعش کی قائم کردہ خلافت کا خاتمہ ہوا ہے اس کے کئی مشتبہ ارکان کی ایک تعداد ترکیہ میں مقیم ہونے کی کوشش میں رہی ہے، ترکیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ 2023ء سے اب تک اس گروپ سے وابستہ 3600 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔