بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے یوکرین اور غزہ جنگوں کے خاتمے کیلئے مذاکرات پر زور دیاہے۔
چین کے وزیرِ دفاع ڈونگ جون نے بیجنگ میں فوجی حکام کے ایک عالمی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ "مذاکرات" غزہ اور یوکرین جیسے تنازعات کا واحد حل ہے۔
ژیانگ شان فورم کے لئے سیکڑوں مندوبین بیجنگ میں موجود ہیں جسے سنگاپور میں سالانہ شنگری لا اجلاس میں چین کے جواب کا نام دیا گیا ہے، سرکاری میڈیا کے مطابق یہ سہہ روزہ فورم 90 سے زائد ممالک اور تنظیموں کے 500 سے زائد نمائندگان کی میزبانی کر رہا ہے۔
ڈونگ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے بحران اور اسرائیل فلسطین تنازع جیسے سلگتے ہوئے مسائل حل کرنے کے لئے امن اور مذاکرات کو فروغ دینا ہی واحد راستہ ہے۔
ڈونگ نے مزید کہا کہ جنگ اور تنازعات میں کوئی فاتح نہیں ہوتا اور تصادم کی کوئی منزل نہیں ہوتی، تمام ممالک سے پرامن ترقی اور جامع طرز حکمرانی کو فروغ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ تنازع جتنا شدید ہوگا مذاکرات اور مشاورت کو ترک کرنا اتنا ہی مشکل ہو گا۔