صنعا: (ویب ڈیسک) یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا جو تل ابیب کے قریب ایک مقام پر گرا، جس کے باعث 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن سے آنے والے میزائل کو روکنے کے لیے اسرائیلی فضائی دفاعی نظام فعال کیاگیا تھا جس نے یمنی میزائل کو گرانے کے لیے بہت سے راکٹس داغے مگر وہ میزائل کو گرانے میں ناکام رہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق میزائل اسرائیل کی حدود میں داخل ہوتے ہی اسرائیلی دفاعی نظام کے تحت سائرنز بجنا شروع ہوئے اور حملے کے خوف سے ایک ہی وقت میں لاکھوں اسرائیلی ملک کے مختلف حصوں میں قائم کی گئی محفوظ پناہ گاہوں کی طرف دوڑے ۔
یمنی باغیوں کے حملے کے بعد حوثی ترجمان یحییٰ ساری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے اپنے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے جافا کے علاقے کو نشانہ بنایا اور اپنا ٹارگٹ حاصل کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل: غزہ جنگ بندی کیلئے حکومت کیخلاف مظاہرہ، ہزاروں افراد کی شرکت
یحییٰ ساری نے مزید کہا کہ ہمارے فائر کیے گئے ہائپر سونک میزائل نے 2000 کلومیٹر سے زائد کا سفر صرف 11 منٹ 30 سیکنڈ میں طے کیا اور اسرائیل میں اپنے ٹارگٹ تک پہنچا اور اس نے پہلی مرتبہ 20 لاکھ اسرائیلیوں کو ایک ہی وقت میں محفوظ پناہ گاہوں (شیلٹرز) میں جانے پر مجبور کیا۔
حوثی ترجمان یحیٰ سریع نے مزید کہا کہ پہلے ڈرون اور اب میزائل، یہ سب بغیر کسی رکاوٹ کے اسرائیل پہنچ گئے، اسرائیل کیخلاف حملے مستقبل میں مزید بڑھیں گے، 7 اکتوبر قریب آنے کے ساتھ مزید بڑے حملے کریں گے۔