بیروت: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کی لبنانی دارالحکومت بیروت میں حزب اللّٰہ کے گڑھ پر فضائی بمباری میں سینئر رہنما ابراہیم عقیل سمیت متعدد افراد شہید ہوگئے۔
عرب اور اسرائیلی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کا جدید ترین ایف 35 جنگی طیارے نے جنوبی ٹاؤن ضاحیہ جنوبیہ میں حزب اللّٰہ کی حساس تنصیبات کو میزائیلوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں حزب اللّٰہ کے سینئر ترین رہنما ابراہیم عقیل عرف تحسین شہید ہوگئے۔
اسرائیلی سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ فضائی بمباری اس وقت کی گئی جب حزب اللّٰہ اور فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کا اجلاس جاری تھا۔ حزب اللّٰہ نے تاحال آپریشن کمانڈر ابراہیم عقیل کا اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے کی تصدیق نہیں کی۔
عرب میڈیا کے مطابق ابراہیم عقیل امریکی حکومت کو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھے، جن کی زندہ یا مردہ گرفتاری کیلئے 70 لاکھ ڈالرز کا انعام رکھا تھا۔