تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے حزب اللہ کے 30 میزائل لانچروں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر نئے حملوں کا اعلان کیا، اُدھر لبنان کی طرف سے گولہ باری کے بعد شمالی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس وقت لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ کر رہی ہے جس کا مقصد حزب اللہ کی دہشت گردانہ صلاحیتوں کو کم کرنا اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا ہے، فوج نے کہا کہ حالیہ کارروائیاں شمالی اسرائیل سے بے گھر ہونے والے افراد کی ان کے گھروں کو واپسی کی کوششوں کے دائرے میں کی جارہی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بعد میں بتایا کہ اس نے حزب اللہ کے تقریباً 30 میزائل پلیٹ فارمز کو نشانہ بنایا ہے، حزب اللہ کے مواصلاتی نظام پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی چیف آف سٹاف ہرزی ہیلیوی نے شمالی علاقے سے متعلق منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، گزشتہ روز اسرائیل نے جنوبی لبنان میں کئی مقامات پر پے در پے حملے کئے، حزب اللہ نے اسرائیل کے علاقے مغربی الجلیل میں میزائل داغ کر جواب دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا ان میں جنوبی لبنان کا قصبہ دیر قانون بھی شامل تھا، حزب اللہ نے جواب میں شمالی مقبوضہ شام کے علاقے گولان میں میزائل داغے ہیں۔