تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی ایئرلائن کے مسافروں پر حملہ کرنے والا شخص جیل میں ہلاک ہو گیا۔
جیل حکام نے بتایا ہے کہ 1985ء میں ویانا ہوائی اڈے پر اسرائیلیوں کو نشانہ بنانے والا یہ شخص چار دہائیوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے تھا، جیل حکام کے مطابق اس کی موت اس کے سیل میں ہوئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق 64 سالہ توفیق بن احمد چاؤلی کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، اسرائیلی ایئرلائن کے مسافروں پر ہونے والے اس حملے میں تین مسافر ہلاک ہوئے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ چاؤلی نے اپنے دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ چیک ان کے منتظر مسافروں پر دستی بم پھینکے اور ان پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 3 مسافر ہلاک اور 39 زخمی ہوئے تھے، دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے ان میں سے ایک کو گولی مار کر موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ چاؤلی 1995 میں جیل سے فرار ہونے کی کوشش کر چکا تھا، تاہم اسے چند گھنٹے بعد ہی ایک اپارٹمنٹ کے تہہ خانے سے دوبارہ پکڑ لیا گیا، اس کے علاوہ اس نے 1996ء میں بھی فرار ہونے کی کوشش کی تھی، اس وقت اسے مزید 19 سال قید کی سزا سنا دی گئی تھی۔