بیروت: (دنیا نیوز) لبنان میں پیجرز کے بعد واکی ٹاکی ،موبائل فونز اورلیپ ٹاپس پھٹنے کے واقعات، الیکٹرک ڈیوائسز میں دھماکوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق 4 ہزار سے زائد اہلکار اور رضاکار زخمی ہیں، 287 افراد کی حالت نازک ہے، زخمیوں میں سے زیادہ تر افراد کو پیٹ اور ہاتھوں پر زخم آئے۔
لبنان کی شہری دفاع کی ٹیموں نے 60 جگہوں پر لگی آگ پر قابو پایا، لبنان نے تمام پروازوں میں مسافروں اور سامان میں پیجرز اور واکی ٹاکیز لے جانے پر پابندی عائد کر دی۔
دوسری جانب اسرائیل نے ہزاروں فوجی غزہ کی پٹی سے لبنان سرحد پر منتقل کرنا شروع کر دیئے، اسرائیلی حکام نے لبنان سرحد پر رہنے والے آباد کاروں کو بھی واپسی کی ہدایت کی۔
اسرائیلی فوجی ڈویژن 98 کے 10 سے 20 ہزار فوجیوں کو غزہ سے لبنان سرحد بھیجنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔