بیروت: (دنیا نیوز) حزب اللہ کےسربراہ حسن نصراللہ نے کہا کہ اسرائیل نے الیکٹرک ڈیوائس دھماکوں کے ذریعے جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔
سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ حزب اللہ نے کہا کہ گزشتہ 2 دن میں ہوئے واقعات نے مجھے بولنے پر مجبور کیا، اسرائیل نے الیکٹرک ڈیوائس دھماکے کر کے تمام حدین پارکر دیں۔
انہوں نے کہا کہ حملوں کے دوران جو قومی یکجہتی نظر آئی یہ خوش آئندہ ہے، لبنان کے ڈاکٹرز اور خون کا عطیہ کرنے والوں کا شکرگزار ہوں، اسرائیل نے جان بوجھ کر لبنانی شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔
حسن نصراللہ نے کہا کہ یہ جنگی وار اور اسرائیل کی جانب سے جنگ کا اعلان ہے، لبنان میں ڈیوائس دھماکوں کی تحقیقات جاری ہیں، الیکٹرک ڈیوائس دھماکوں سے زخمی ہونے والوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے، اسرائیل نے ایک منٹ میں 4ہزار سے زائد افراد کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ لبنان میں اسرائیل کی جانب سے مواصلاتی آلات میں دھماکوں سے 37 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، لبنانی وزیر صحت کے مطابق مواصلاتی آلات کے دھماکوں میں 3 ہزار 539 افراد زخمی بھی ہوئے۔