تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ سربراہ حزب اللہ حسن نصر اللہ کی شہادت کی صورت میں متبادل قیادت تحریک چلانے کیلئے تیار ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے مشیرعلی لاریجانی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ حزب اللہ کے پاس قائدانہ صلاحیت رکھنے والے بہت سارے کمانڈرز اور رہنما موجود ہیں۔
علی لاریجانی نے مزید کہا کہ اسرائیل نے سرخ لکیر عبور کردی ہے، صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی ٹاؤن میں حزب اللہ ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنا نے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سربراہ حزب حسن نصراللہ بالکل محفوظ اور صحت مند ہیں۔