امارات ائیرلائنز کی پروازوں میں پیجرزاور واکی ٹاکی پرپابندی عائد

Published On 05 October,2024 12:42 pm

دبئی : (ویب ڈیسک ) امارات ایئرلائنز کی تمام پروازوں میں پیجرز اور واکی ٹاکیز پر پابندی عائد کر دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریول ایڈوائزری کے مطابق دبئی پولیس کو مسافروں کے پیجرز اور واکی ٹاکیز ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے، پابندی کا اطلاق چیک ان اور کیبن کے سامان دونوں پر ہوتا ہے، کوئی ممنوعہ آلات ملنے کی صورت میں دبئی پولیس ضبط کر لے گی۔

اماراتی ایئر لائنز نے ایران، لبنان، عراق اور اردن کے لیے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

اس حوالے سے اماراتی ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ اردن کے لیے 6 اکتوبر کے بعد پروازیں شروع ہو سکتی ہیں جبکہ ایران اور عراق کے لیے 7 اکتوبر تک پروازیں بند ہوں گی۔

اماراتی ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ بیروت آنے اور جانے والی پروازیں 15 اکتوبر تک منسوخ رہیں گی تو جو مسافر دبئی سے گذرتے ہیں اور ان کی آخری منزل بیروت ہے، انہیں اگلے نوٹس تک ان کے سفر کے مقام سے نہیں لیا جائے گا۔

 واضح رہے کہ گزشتہ ماہ  لبنان میں حزب اللہ کے زیر استعمال پیجر میں دھماکوں سے پورا ملک لرز اٹھا تھا ،  ان دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد شہید اور 2800 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔