تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل، امریکا کی بات سن رہا ہے مگر وہ قومی مفاد کی بنیاد پر اپنے فیصلے خود کرے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی اور اسرائیلی ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن کو آگاہ کر دیا ہے کہ ان کے ملک کی جانب سے ایران کے یکم اکتوبر کے حملے کا رد عمل ایران کے اندر فوجی اہداف تک محدود رہے گا جن میں جوہری یا تیل کی تنصیبات شامل نہیں ہوں گی۔
ادھر نیتن یاہو کے ایک قریبی اسرائیلی ذمے دار نے انکشاف کیا ہے کہ آخر الذکر اسرائیل کے آئندہ حملے کے حوالے سے امریکی ذمے داران کے ساتھ مشاورت جاری رکھیں گے مگر وہ واشنگٹن کی جانب سے گرین سگنل کا انتظار ہر گز نہیں کریں گے۔
باخبر ذرائع کے نزدیک اسرائیل کا انتقامی ردعمل سوچ سمجھ کر ہو گا تاکہ امریکی صدارتی انتخابات پر سیاسی اثرات سے گریز کیا جا سکے، مزید یہ کہ تہران کے خلاف اسرائیل کی جوابی کارروائی پانچ نومبر کو امریکی انتخابات سے قبل عمل میں آئے گی۔