نیویارک: (ویب ڈیسک) ایران نے کہا کہ ’’شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں‘‘ السنوار کی ہلاکت سے مزاحمتی جذبہ مزید مضبوط ہو گا۔
اقوام میں متحدہ میں ایرانی مشن نے غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار کے بارے میں سامنے آنے والی خبروں کے بعد کہا ہے کہ یحییٰ السنوار کا قتل پورے خطے میں جاری مزاحمت کو مزید طاقت اور مضبوطی ملے گی۔
ایرانی مشن کی طرف سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا گیا ہے مزاحمتی جذبہ اور توانا ہو گا اور یحییٰ السنوار جوانوں اور بچوں کے لیے مزاحمت کے ایک ماڈل اور مثال کے طور پر ابھریں گے، اب نئی نسل اور نوجوان سنوار کے راستے پر آگے بڑھتے ہوئے فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کے لیے نکلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا جب تک صہیونی قبضہ اور جارحیت باقی ہے مزاحمت جاری رہے گی، شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، نیز بعد میں آنے والوں کے لے انسپائریشن کا باعث اور جذبہ و قوت بن جاتے ہیں۔
واضح رہے اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ اس نے حماس کے سربراہ السنوار کو غزہ کے جنوب میں رفح میں ہلاک کر دیا ہے، اسرائیلی فوج کے مطابق یہ ہلاکت جنگجوؤں کے ساتھ ایک لڑائی کے دوران ہوئی ہے، یہ واقعہ ایک روز قبل دو دوسرے جنگجوؤں کی ہلاکت کے ساتھ پیش آیا۔