فوج کچھ نہیں کر سکتی، یرغمالیوں کی رہائی کیلئے رعایتیں دینا پڑیں گی: یوو گیلنٹ

Published On 28 October,2024 04:44 am

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا کہ اکیلی فوج کچھ نہیں کر سکتی، یرغمالیوں کی رہائی کیلئے ہمیں رعایتیں دینا پڑیں گی۔

اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے عبرانی کیلنڈر کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس امر کا اعتراف کیا کہ ساری کامیابیاں جنگ کے ذریعے ممکن نہیں ہیں، یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ہمیں تکلیف دہ رعایتیں دینا پڑیں گی۔

انہوں نے بڑے صاف الفاظ میں کہا کہ ہمیں یرغمالیوں کی رہائی کے لئے اور انہیں محفوظ بنانے کے لیے رعایتیں دینا لازمی ہوگیا ہے، تاہم یوو گیلنٹ نے حماس کا نام لئے بغیر یہ گفتگو کی، ان کا کہنا تھا سب کچھ اکیلے جنگ یا فوج کے ذریعے حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے ایک سال میں اپنا کام بہت اچھی طرح مکمل کیا ہے اور ہم نے اپنے جنوب میں حماس کو عسکریت سے روک دیا ہے، اس کا عسکری ڈھانچہ تباہ کر دیا ہے اور شمال میں حزب اللہ کی لیڈرشپ کو ختم کر دیا ہے اور اس کی میزائل صلاحیت کو ناکارہ بنا دیا ہے۔

خیال رہے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے دوران 42924 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد فلسطینی خواتین اور بچوں کی ہے، 7 اکتوبر 2023ء کو شروع ہونے والی یہ جنگ غزہ سے نکل کر لبنان اور ایران تک پھیل چکی ہے۔