غزہ میں اسرائیلی بربریت کو 400 دن مکمل، نسل کشی کا سلسلہ نہ تھم سکا

Published On 10 November,2024 10:05 am

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی اور یک طرفہ جنگ کو 400 دن مکمل ہو گئے لیکن فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ تھم نہ سکا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تازہ اسرائیلی حملوں میں مزید 40 فلسطینی شہید ہو گئے، صیہونی فورسز کے حملوں میں اب تک 43 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، ایک سال سے کم عمر 825 بچوں سمیت شہدا ء میں 17 ہزار 385 بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شہدا ء میں 12 ہزار خواتین اور 12 ہزار 700 طالب علم بھی شامل ہیں، اسرائیلی بربریت میں ایک ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز شہید ہوئے،10 ہزار فلسطینی لاپتا جبکہ 20 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں اب تک تقریباً 86 ہزار ٹن دھماکا خیز مواد گرایا گیا ہے۔

ادھر فلسطینیوں کے قتل عام کیخلاف یروشلم میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بچوں اور خواتین نے بھی شرکت کی، مظاہرین نے فلسطین میں جاری قتل عام فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر جنگ بندی کے لیے ثالثی کے کردار سے پیچھے نہیں ہٹا، قطر حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے مزید کوشش جاری رکھے گا، قطر بطور ثالث کردار کی آڑ میں بلیک میل بھی نہیں ہوگا۔