تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ جی سیون کے دعوے بے بنیاد ہیں، اس کے منافقانہ رویئے کے باعث گروپ کو انسانی حقوق کے پرچار کا کوئی حق نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بغائی نے گزشتہ روز اپنے بیان میں ایک روز قبل اٹلی میں جی سیون کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اس پر لگائے گئے الزامات کے ردعمل میں کہا کہ ایران ترقی یافتہ ممالک کے گروپ آف سیون (جی سیون) کے اپنے خلاف دعوؤں کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے انہیں بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین و لبنان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے اپنے منافقانہ اقدامات کے باعث یہ گروپ عالمی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا پرچار کرنے کا کوئی حق نہیں رکھتا۔
اسماعیل بغائی نے کہا کہ جی سیون گروپ کے یہ دعوے مکمل طور پر بے بنیاد، مسترد کئے جانے کے قابل اور گروپ کے غیر قانونی، غیر منصفانہ، یکطرفہ، امتیازی اور زبردستی کے طرز عمل کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جی 7 نہ تو بین الاقوامی برادری کی نمائندگی کرتا ہے اور نہ ہی مقبوضہ فلسطین و لبنان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے اپنے منافقانہ اقدامات کے باعث عالمی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا پرچار کرنے کا کوئی اخلاقی مؤقف رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ جی سیون وزرائے خارجہ نے 14 اپریل اور یکم اکتوبر کو اسرائیل پر ایران کے جوابی میزائل حملوں کی مذمت اور تہران پر یوکرین کے تنازع میں روس کی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے حمایت کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔