بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد شام کی عوام اپنی قسمت کا انتخاب خود کریگی: اقوام متحدہ

Published On 13 December,2024 03:35 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے کہا کہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام کی عوام اپنی قسمت کا انتخاب خود کرے گی ۔

اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے جنوبی افریقہ کے شہر پریٹوریا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کو مشرق وسطیٰ میں امید کی ایک وجہ قرار دیتے ہوئے ایک ہموار سیاسی منتقلی پر زور دیا جس میں اقلیتوں کے حقوق کا احترام کیا جائے۔

انتونیو گوتریس نے کہاکہ اقوام متحدہ شام میں ایک جامع سیاسی عمل کے ساتھ اقتدار کی ہموار منتقلی کی حمایت کے لئے پوری طرح پرعزم ہے جس میں تمام اقلیتوں کے حقوق کا مکمل احترام کیا جائے گا اور اس کی علاقائی سالمیت کو مکمل طور پر بحال کرنے کے ساتھ ایک متحدہ خودمختار شام کی طرف راہ ہموار کی جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ شام کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور ریاست کا مستقل ہونا ضروری ہے، انہوں نے بتایا کہ شام کے لیے ان کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن آگے بڑھنے کے لیے تمام اہم فریقین کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔